Thursday 24 March 2016

کور چشمی (اندھا پن ) روک تھام ہفتہ

انسداد کور چشمی (اندھا پن )ہفتہ
یکم اپریل تا ۷؍ اپریل
ہندوستان میں یکم اپریل سے ۷؍ اپریل کے درمیان  انسداد کور چشمی  ہفتہ منایا جاتا ہے۔ حکومت ہند کی جانت سے نابینا افراد کے سلسلے میں عوام میں بیداری لانے کے لیے اس ہفتے کو منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اندھا پن ایک اہم  مسئلہ اور نابینا افراد کی بڑی سنگین حالت  ہے جس کو کوئی بینا  شخص اس طرح محسوس نہیں کرسکتا جیسا کہ کوئی نابینا کرسکتا ہے۔ اس لئے ملک بھر کے تمام لوگوں کے درمیان اس مہم کو پھیلانے کا اہتمام کیا جا تا ہے تاکہ نابینا افراد کے لئے آنکھوں  کی اہمیت کو سمجھا جاسکے۔ ہمیں یہ معلوم ہونا چاہئے کہ ہندوستان میں ایک بہت بڑی تعداد ایسی ہے جو یا تو پیدائشی طور پر اندھے ہیں یا پھر کسی حادثے کی وجہ سے اندھے ہوگئے ہیں۔اعداد وشمار کے مطابق ہمارے ملک میں ۱۰؍ ملین لوگ ایسے ہیں جو اندھے پن کے شکار ہیں جبکہ عالمی سطح پر تقریبا ۳۷ ملین لوگ اندھے پن کے شکار ہیں۔
حکومت ہند نے اس مہم کا آغاز کیا ہے کہ تاکہ لوگوں کو ایسا بہتر موقع فراہم کیا جاسکے کہ وہ نابینا افراد کے لیے مختلف طرح کے رفاہی خدمات انجام دے سکیں جیسے مختلف طرح کے اداروں، ایجنسیوں اور اسپتالوں کا قیام وغیرہ۔ ایسی امید کی گئی ہے کہ اس مہم ہفتے کے ذریعہ لوگ حفظان صحت اور حفظان چشم سے متعلق معلومات حاصل کرسکیں گے ۔ ہندوستان کئی مقامات پر متاثرہ افراد اپنے حقوق کے لئے مظاہرہ کرتے ہیں جن کا ہونا ضروری ہے۔
کئی تعلیمی ادارے ایسے ہیں جو نابینا طلبہ کی تعلیم کے لئے مختص ہیں مگر اب بھی اس جانب مزید توجہ کی ضرورت ہے۔ اس لئے اس مہم کو کامیاب کرنے  کے لئے مختلف شعبوں، اشاعتی اداروں غیر سرکاری تنظیموں کو ایک ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ نابینا افراد کے تعاون سب سے بہتر اور مؤثر طریقہ ‘‘عطیہ چشم’’ ہے  جس کے ذریعہ ان کی تاریک زندگی میں مستقل طور پر روشنی لائی جاسکے۔ اس مہم کا یہ بھی مقصد ہے کہ لوگوں کی توجہ ان خطرناک امور کی طرف مبذول کرائی جاسکے جو بینائی کے کھونے کاسبب بنتے ہیں۔ لوگوں کو آنکھوں کی بیماریوں سے واقف کراتے ہوئے یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ وہ آنکھوں کی حفاظت کے لیے اپنے قریب کے امراض چشم کے ماہرین سے ملک کر وقفے وقفے جانچ کراتے رہیں۔
اس مہم میں سرکاری محکموں کے اعلی تعلیم یافتہ ، رضا کار تنظیموں اور ریاستی ہیلتھ ایجوکیشن بیورو کے افراد کو لگایا جائے گا جو لوگوں کے درمیان بیداری کو فروغ دینے کا کام رہے ہیں۔ یہ بہت ضروری ہے کہ لوگوں کو اندھے پن کے تمام اسباب سے واقف کراتے ہوئے بینائی کی اہمیت کے سلسلے میں  ان کو  متنبہ اور بیدار کیا جائے۔ اعداد وشمار کے مطابق ہندوستان میں اندھوں کی اتنی بڑی تعداد ہے کہ ہر تین شخص میں ایک شخص اندھا ہے۔ اندھے پن کی اہم وجوہات  ترکوما،( trachoma) موتیابین، وٹامن اے کی کمی، غذائی قلت، بینائی جانچ کے ماہرین(optometrists) اور عطیہ چشم  کی قلت ہیں۔ایک سروے کے مطابق مدھیہ پردیش اور راجستھان اندھے پن کی سب سے زیادہ متاثر ریاستیں ہیں۔
انسداد کور چشمی ہفتہ کا آغاز:
انسداد کور چشمی ہفتے کا آغاز جواہر لال نہرو اور راج کماری امرت کور نے سوسائٹی رجسٹریشن ایکٹ ۱۸۶۰ کے تحت ۱۹۶۰ میں کیا تھا۔ اس کے علاوہ عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او ) نے بھی کور چشمی پر قابو پانے کے لیے ‘‘بینائی کا حق’’ نام سے ایک مہم شروع کی تھی۔

نوٹ: ترکوما (Trachoma): آنکھوں  کا ایک  جرثوماتی مرض جو متعدی ہوتا ہے۔ اس میں پتلی کی اندرونی سطح میں  خون جم جاتا ہے۔


No comments:

Post a Comment